امریکی محکمہ دفاع
ترجمان کا دفتر
18 مارچ، 2024

پینٹا گون کے سیکرٹری اطلاعات میجر جنرل پیٹ رائیڈر کے مطابق:
وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوئم نے آج انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے بحرہند۔بحرالکاہل کے خطے کو آزاد اور کھلا رکھنے میں تعاون کے لیے امریکہ اور انڈیا کے درمیان بڑی دفاعی شراکت کی بڑھتی ہوئی رفتار پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزراء نے نومبر 2023 میں منعقدہ پانچویں سالانہ امریکہ۔انڈیا 2+2 وزارتی مذاکرات کے بعد دوطرفہ دفاعی اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ اس میں انڈیا کی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے، دفاعی صنعتی تعاون کے لیے دونوں ممالک کے لائحہ عمل کو آگے بڑھانے اور بحرہند کے خطے میں سمندری نقل و حرکت سے آگاہی کو بہتر بنانے کے اقدامات کے علاوہ بحیرہ عرب اور ملحقہ پانیوں میں نفاذِ قانون کے لیے انڈیا کا تعاون بھی شامل ہے۔
دونوں وزراء نے فروری 2024 میں نئی دہلی میں ہونے والی انڈیا۔امریکہ دفاعی تعاون کی رفتار بڑھانے کے نظام (انڈس۔ایکس) کی دوسری کانفرنس میں کیے جانے والے حالیہ اعلانات کا خیرمقدم بھی کیا۔ وزیر دفاع نے امریکی محکمہ دفاع کے اختراعی یونٹ (ڈی آئی یو) اور انڈیا کی وزارت دفاع میں شعبہ اختراعات برائے دفاعی فوقیت (آئی ڈی ای ایکس) کی شراکت سے ہونے والی جدید دفاعی اختراعات کو بھی اجاگر کیا۔
وزرائے دفاع نے اس امید کا اظہار کیا کہ انہیں جلد ہی بالمشافہ ملاقات کا دوبارہ موقع ملے گا۔ انہوں نے آزاد اور کھلے بحرہند۔بحرالکاہل کے لیے اس بڑی دفاعی شراکت کو مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔


اصل عبارت پڑھنے را لنک: https://www.defense.gov/News/Releases/Release/Article/3709553/readout-of-secretary-of-defense-lloyd-j-austin-iiis-call-with-indian-minister-o/ 
یہ ترجمہ ازراہ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔

U.S. Department of State

The Lessons of 1989: Freedom and Our Future